بسم اللہ الرحمن الرحیم
تمام حمد وستائش اس ذات کیلئے جس نے اس کارخانہ عالم کو وجودبخشا اورہمیں اشرف المخلوقات بنایا پھر اپنے پیارے نبی محمد ﷺ کے امتی ہونے کا اعجاز بخشا اور لاکھوں درود و سلام آپ ﷺ پر جنہوں نے دنیا میں حق کا بول بالا کیا۔
تعارف
حج ، اسلام کا پانچواں رکن اور اہم دینی فریضہ ہے جو ہر صاحب نصاب پر زندگی میں ایک بار فرض کیا گیا ہے۔ یہ جو ان وبوڑھے، مرد و عورت، تعلیم یافتہ و ان پڑھ، غرض ہر اس بالغ پرجو زادراہ رکھتا ہو، فرض ہے ۔ جو مسلمان عاز م حج ہو اگو یا اللہ کے گھر سے اس کے لئے دعوت نامہ جاری ہوا اور وہ اللہ کا مہمان ہونے چلا۔ اس مہمان کو اس کے فرض کی ادائیگی کیلئے مدد کرنے والا بھی اس حاجی کو ملنے والے اجروثواب میں برابر کا حق دار ہوگا۔ یہی مقصد سامنے رکھتے ہوئے، ارکان انصارالحجاج، شعبۂ حج عالمگیر مسجد، عازمین حج کی خدمت کرتے ہیں۔ شعبۂ گذشتہ 36سال سے حج پالیسی کا اعلان ہوتے ہی عالمگیر مسجد کراچی میں عازمین حج کو معلومات فراہم کرنے سے لیکر فارم بذریعہ کمپیوٹر پر کرنے تک ، مزید گروپ کی تشکیل ، گروپ لیڈر کا چناو اوراس کی تربیت اور بینک سے متلعق تمام امور کیلئے اپنی خدمات پیش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ شعبۂ حج کے زیر انتظام ہر سال حج کے مہینوں میں کم ازکم آٹھ عام اجتماعات منعقد ہوتے ہیں، جن میں علماء کرام طہارت، نماز اور مناسک و مسائل حج سے متعلق عازمین حج کے رہنما ئی فرماتے ہیں۔ دینی امور کی تربیت کے علاوہ سفرحج کے انتظامی امور، گروپ ممبران کے باہمی ربط و تعارف، اخلاقی تربیت کوششیں کی جاتی ہیں۔ گروپ لیڈروں کی تربیت اور انتظامی مسائل سے متعلق خصوصی بریفنگ کے لئے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ نیزبہبود حجاج کے لئے وزارت مذہبی امور کے حج پالیسی سازوں کو اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں تجاویز بھی دی جاتی ہیں۔
الحمدللہ یہ تمام خدمات حج پالیسی کے تابع رہتے ہوئے ،بلامادی معاوضہ صرف اور صرف اللہ کی خوشنودی کے لئے کی جاتی ہیں۔ ارکان شعبۂ حج حاجی کی دعائیں اور اللہ کے فضل و کرم سے خیروبرکت کا وہ فیضان چاہتے ہیں جو حاجی کو محض اللہ کے لطف و کرم سے حاصل ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں ہونے والے تمام اخراجات ارکان انصارالحجاج شعبۂ حج خود کرتے ہیں اورعازمین حج یا کسی اور سے کسی قسم کا چندہ قبول نہیں کیا جاتا۔